اسلام آباد (صالح ظافر) نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو لندن نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔ جب کہ شاہد خاقان عباسی جمعے کو وطن واپس لوٹیں گے۔ سابق وزیراعظم اور پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی اپنی بیمار ہمشیرہ اور بہنوئی سے ملاقات کے بعد جمعے کو واشنگٹن سے واپس آرہے ہیں۔ ان کا نام ای سی ایل میں ہے اور انہیں 15 روز کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ وہ گزشتہ اتوار کو واشنگٹن کےلیے روانہ ہوئے تھے، دریں اثنا ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کرکے ان کی ہمشیرہ اور بہنوئی کی صحت سے متعلق بات چیت کی، جنہیں کوروناوائرس کی وجہ سے فلوریڈا منتقل کیا گیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کے بہنوئی جہانزیب عباسی گزشتہ پانچ ہفتوں سے وینٹیلیٹر پر تھے۔ جب کہ اب انہیں فلوریڈا میں آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے کہ وہ واپسی پر لندن نا آئیں کیوں کہ وہاں کوروناوائرس کنٹرول سے باہر ہوچکا ہے۔