سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے خصوصی تحریر کے ذریعے والدہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گڑھی خدا بخش کی وہ خوبصورت ویڈیو شیئر کی ہے جو شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی 13ویں برسی کے موقع پر بنائی گئی تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارکنان کی بڑی تعداد شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گڑھی خدا بخش پر جمع ہیں۔
کارکنان شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی یاد میں پاکستان پیپلز پارٹی کا پرچم لہراتے ہوئے نعرے بھی لگارہے ہیں۔
آصفہ بھٹو نے ایک منٹ 19 سیکنڈز پر مبنی یہ خوبصورت ویڈیو شیئر کرتے ہوئے والدہ کی یاد میں ایک خصوصی تحریر کچھ یوں لکھی:
عظیم ہے کنیز ہے شہید ہے عظیم بینظیر ہے
وفاق کی امنگ تھی عوام ہی کے سنگ تھی
کنیزِ کربلا کی بس یزیدیت سے جنگ تھی
چلے چلو بڑھے چلو عدل کی راہ پر بڑھے چلو
یہ جنگ ہے تو جنگ سہی وطن پے جان واری ہے
یہ بازی خون کی بازی ہے یہ بازی تم نے ہاری ہے
جو کل تھے ہم وہ آج ہیں وطن کی رکھیں لاج ہیں
لہو کی یہ جو ریت ہے وہی تو موت یزید ہے
آصفہ بھٹو کی اس خصوصی پوسٹ کو انسٹاگرام صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے اور صارفین کی بڑی تعداد کمنٹ سیکشن میں ’جئے بےنظیر بھٹو‘ کے نعرے بھی لگا رہی ہے۔
خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو 21 جون 1953میں پیدا ہوئیں اور محترمہ بے نظیر ذوالفقار علی بھٹو بیگم نصرت بھٹو کی سب سے بڑی بیٹی تھیں۔
جلا وطنی کے بعد 2007 میں بے نظیر بھٹو کراچی واپس آئیں جہاں ان کے قافلے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے۔
تاہم حملے میں بے نظیر بھٹو محفوظ رہیں لیکن 27 دسمبر 2007 میں راولپنڈی کے لیاقت باغ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئیں تھی۔