وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ حکومت نے کٹھن فیصلے کیے اور صوبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے دکھادیا ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہاشم جواں بخت نے کہا کہ اس سال کوروناوائرس کے پیش نظر 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے 42 فیصد زائد ٹیکس وصول کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔
صوبائی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی آر اے نے کورونا وبا کے دوران 25 سے زائد خدمات پر ٹیکس کی شرح 16 سے کم کرکے 5 فیصد کردی۔
ان کا کہنا تھاکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 74 ارب روپے ٹیکس وصول کیا، جو گزشتہ سال سے 42 فیصد زائد ہے۔
ہاشم جواں بخت نے کہا کہ ٹیکس کی زائد وصولی عوام کا پی ٹی آئی کی حکومت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 18 سروسز پر ٹیکس ادائیگی آن لائن ہوسکتی ہے، اگلے سال کسانوں سمیت ہر شعبے کے لوگوں کو صحت کارڈ جاری کریں گے۔
وزیر خزانہ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کم کرنے کے لئے ضلعی اور صوبائی سطح پر مانٹرنگ جاری ہے، ترقیاتی کام بھی مکمل کر کے دکھائیں گے۔
اس دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق حکمران صوبے کو 1200 ارب کا مقروض چھوڑ گئے تھے۔