بہاولپور میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ہونے والے آج کے جلسے کے سلسلے میں لگائے گئے بینرز اور پینا فلیکس گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ نے اتار دیئے تھے جو آج دوبارہ نون لیگی کارکنوں نے لگا دیئے ہیں۔
پی ڈی ایم آج بہاولپورمیں ٹول پلازہ ستلج پل سے چوک سرائیکی تک ریلی نکالے گی، جس کی قیادت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کریں گے۔
ریلی میں نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز بھی شرکت کریں گی، جبکہ سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی پیپلز پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔
جلسے کے سلسلے میں مریم نواز، پرویز رشید اور دیگر نون لیگی رہنما رات بہاولپور میں نون لیگی رہنما مجید سعود کے گھر ٹھہرے۔
مولانا فضل الرحمٰن جامع قاسم العلوم ملتان سے قافلے کے ہمراہ بہاولپور کے لیے نکلیں گے۔
پیپلز پارٹی کی ریلی علی حیدر گیلانی کی قیادت میں گیلانی ہاؤس سے بہاولپور جائے گی۔
پی ڈی ایم کی قیادت بہاولپور ٹول پلازہ ستلج پل پر پہنچے گی جہاں سے ریلی کے شرکاء ایم پی اے ملک ظہیر کی رہائش گاہ پہنچیں گے۔
ایم پی اے ملک ظہیر کی رہائش گاہ پر مریم نواز کا مختصر خطاب متوقع ہے، اس سلسلے میں یہاں پنڈال سج گیا ہے۔
پی ڈی ایم کی ریلی بندرہ پُل، ماڈل ٹاؤن، سی چوک، فتح چوک، ماڈل ٹاؤن بی سے گزرے گی۔
پی ڈی ایم رہنما مریم نواز، مولانا فضل الرحمٰن اور یوسف رضاگیلانی ریلی کے اختتامی مقام چوک سرائیکی پر شرکاء سے خطاب کریں گے۔