وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مچھ کا دلخراش واقعہ انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک ہے۔
یہ بات وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ بیرونی دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے درپے ہے جو مسلسل وار کر رہا ہے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا ہے کہ ایسے حالات میں عوام کے مسترد کردہ سیاسی عناصر بیرونی حملہ آوروں کا آلۂ کار بن کر افراتفری اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔
وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا کہ ان شاء اللّٰہ ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں ناکامی ہو گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کی کوئلہ فیلڈ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
نامعلوم دہشت گردوں نے کان کنوں کو پہاڑوں پر لے جا کر ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 11 کان کن جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 شدید زخمی ہوئے ہیں۔