تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں ایک کمرے سے سالی اور بہنوئی کی ملنے والی لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی، رپورٹ کے مطابق واقعہ خودکشی ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی ایس پی مٹھی ہارون رشید صحرائی کے مطابق پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، جس کے مطابق مرنے والے لڑکا اور لڑکی کاسانس گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق واقعہ خودکشی ہے، تاہم ڈی این اے کے نمونے لیبارٹری کو بھیج دیے ہیں۔
دوسری جانب ورثاء کا کہنا ہے کہ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی، واقعہ قتل ہے، بیانات کی درخواست آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو بھیج دی ہے جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ لڑکی اور لڑکے کو اے ایس آئی گل محمد ساند کے مکان میں قتل کر کے لاشیں لٹکائی گئی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اے ایس آئی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
ڈی ایس پی مٹھی نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق واقعہ خودکشی ہے اس لیے ورثا سے بیان لینا تھا پولیس کوئی بھی زبردستی بیان نہیں لے رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اے ایس آئی گل محمد ساند کے مٹھی میں ایک کمرے کے مکان سے ڈونگرو نامی شخص اور اس کی سالی کی پھندا لگی لاشیں ملی تھیں۔