پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 19جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سیاسی موت مر چکی ہے تو روز اجلاس بلا کر ماتم کیوں کر رہے ہیں؟
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آپ کی مسلط کردہ حکومت اپنی نالائقی، نااہلی اور چوری کی موت مر رہی ہے۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ اپوزیشن کے بجائے عوام کو ٹف ٹائم آپ کی نالائقی نااہلی اور چوری سے مل رہا ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کا اجلاس بلانے کے بجائے معیشت پر اجلاس بلائیں، آٹا، چینی، بجلی، گیس، ایل این جی اور دوائی چوری پر اجلاس بلائیں، لاہور کی صفائی پر اجلاس بلائیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لاہور شہر آپ کی نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت میں کوڑے کا ڈھیر بن چکا ہے۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ 19جنوری کو پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی، آپ کو فارن فنڈنگ کیس میں دیا گیا این آر واپس لیں گے۔