• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈمیشن ٹیسٹ کیخلاف درخواست، پاکستان میڈیکل کمیشن کو نوٹس جاری

لاہور ہائی کورٹ نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 جنوری کو جواب طلب کر لیا۔

عدالتِ عالیہ کے جسٹس عاطر محمود نے فیصل مسعود اور دیگر اسٹوڈنٹس کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواستوں میں پاکستان میڈیکل کمیشن اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو فریق بنایا گیاہے۔

درخواستوں میں پی ایم سی ایکٹ کے سیکشن 8 اور 13 (سی) کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔


درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ نئے ایکٹ کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ ہوا، انٹری ٹیسٹ میں آؤٹ آف کورس سوالات دیئے گئے، جس سلیبس کے تحت ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا، انٹری ٹیسٹ کا سلیبس اس کے برعکس تھا، امیدواران اس بنا پر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ عدالتِ عالیہ پی ایم سی 2020ء کے سیکشن 8 اور 13 (سی) کو آئین کے بنیادی حقوق سے متصادم قرار دے، عدالت ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی دوبارہ چیکنگ کا حکم دے۔

تازہ ترین