سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ٹیم انتظامیہ کو نشانے پر رکھ لیا۔
میڈیا سے گفتگو میں ٹیم انتظامیہ پر وار کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ گرین شرٹس کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو تو کوئی اسکول بھی اپنی ٹیم کا کوچ نہ رکھے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ جن لوگوں نے انہیں قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا ہے کیا اُن لوگوں سے پوچھا نہیں جانا چاہیے؟
قومی ٹیم کے بولنگ کوچ پر طنز اور تنقید کے وار کرتے ہوئے کہا کہ وقار یونس تو اصل میں کمنٹیٹر ہیں، جب کمنٹری سے اُٹھتے ہیں تو کوچنگ شروع کردیتے ہیں۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کو خطرہ اس وقت کوویڈ سے ہے۔
عاطف رانا نے مزید کہا کہ کراؤڈ لیگ کے لیے بہت اہم ہے، کراؤڈ نہیں ہوگا تو لیگ کا تاثر نہیں پڑے گا۔