• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کا خواجہ آصف کے 48بینک اکاؤنٹس کا پتہ چلانے کا دعویٰ

لاہور (نمائندہ جنگ) نیب نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ انکوائری میں ان کے 48 بنک اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے،سابق DGایکسائزاکرم اشرف گوندل کے اثاثوں کی تحقیقات شروع کردی گئی۔ نیب لاہور کے ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے ان 48 بنک اکاؤنٹس میں ایک ارب 45 کروڑ روپے جمع ہوئے۔ نیب ذرائع کے مطابق بنک اکاؤنٹس خواجہ آصف، ان کی فیملی اور بے نامی داروں کے نام سے کھلوائے گئے۔خواجہ آصف اور انکی فیملی اراکین کے اکاؤنٹس میں 22 کروڑ 30 لاکھ کی رقوم جمع ہوئیں۔نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف سے دوران تفتیش پوچھا گیا کہ بھاری رقوم کس مد میں جمع ہوئیں ۔خواجہ آصف سے بے نامی داروں کے اکاؤنٹس میں رقوم اور تعلق سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔خواجہ آصف سے ان کے بے نامی داروں کو آمنے سامنے بٹھا کر بھی تفتیش ہوگی۔ نیب لاہور نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سابق ڈائریکٹر جنرل اکرم اشرف گوندل کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وہ شراب لائسنس کیس میں ضمانت پر ہیں۔ نیب نے اکرم اشرف گوندل اور ان کے اہل خانہ کے نام تمام جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ نیب ذرائع نےبتایا کہ نیب لاہور نے محکمہ ایکسائز کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ اکرم اشرف گوندل اور ان کے تمام قریبی عزیزوں کے نام جائیدادوں کی تفصیلات فراہم کریں۔

تازہ ترین