وفاقی اسپتالوں کے عملے کی کورونا ویکسینیشن ٹریننگ کا آغاز ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری اسپتالوں کے عملے کی ویکسینیشن ٹریننگ جاری ہے، ویکسینیشن ٹیمز کا ٹریننگ سیشن نیشنل ہیلتھ کمپلیکس میں جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای پی آئی کے ماہرین وفاقی اسپتالوں کے عملے کی ٹریننگ کررہے ہیں جبکہ وفاقی اسپتال کی تین رکنی ٹیم ویکسینیشن ٹریننگ سیشن میں شریک ہے۔
ویکسینیشن ٹیم نرس، میڈیکل ٹیکنیشن اور ویکسینیٹر پر مشتمل ہے جبکہ تربیت یافتہ ٹیم اسپتالوں کے عملے کو ویکسینیشن کی ٹریننگ دے گی۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 511 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 95 ہزار 75 ہو چکی ہے۔