• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبلی فراز کا ادارہ شماریات کا دورہ، اشیاء ضروریہ کے اتار چڑھاؤ پر بریفنگ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے ادارہ شماریات پاکستان کا دورہ کیا جہاں انھیں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر وزارت کا اپنا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا نظام ہونا چاہیے جو سینٹرلائزڈ ڈیٹا کے ساتھ منسلک ہو۔

وفاقی وزیر کو شماریات ڈویژن کے حکام کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں پہلی مرتبہ ’سینٹرلائزڈ ڈیٹا کولیکشن‘ پر کام شروع کردیا گیا ہے، پاکستان کے عوام کو ریلیف کی فراہمی، پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ زمینی حقائق کے عین مطابق مربوط ڈیٹا ہر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق فیصلہ سازی میں معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے، ہر وزارت کا اپنا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا نظام ہونا چاہیے جو سینٹرلائزڈ ڈیٹا کے ساتھ منسلک ہو۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مربوط ڈیٹا کے حصول کے لیے ٹیکنالوجیکل، افرادی قوت سمیت ہر طریقہ کار استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مربوط ڈیٹا انتظامی امور کو مزید موثر بنانے کے لیے کارگر ثابت ہوتا ہے، شفافیت اور گڈگورننس میں بھی کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان کی کارکردگی متاثر کن ہے، ٹیم ورک کے طور پر اشیاء ضروریہ کی عام مارکیٹ میں قیتموں کے اتار چڑھاؤ کا ہفتہ وار اور ماہانہ جائزہ رپورٹ پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ 

شبلی فراز نے کہا کہ شماریات ڈویژن اپنی ٹیم کی استعداد کار میں مزید اضافہ کرتے ہوئے انھیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں۔

تازہ ترین