مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں قیامت کا سماں ہے، لواحقین لاشیں لے کر ایک سفاک وزیراعظم کی راہ دیکھ رہے ہیں اور آپ کو سیاست کی پڑی ہے کون مافیا ازم کا سرغنہ ہے اور کون عوامی خدمت کرنے والا ہے یہ قوم اب جان چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر رد عمل میں عظمی بخاری نے کہا کہ خادمہ جی، کرپٹ، کرپشن اور این آر او کا واویلا پٹ چکا ہے لوٹے اور فصلی بٹیرے عوام کے نہیں اپنے پیٹ بھرنے کی جدوجہد کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان لوٹوں کی بارات سے نیا پاکستان بنانے چلے تھے خادمہ صاحبہ،لوٹے ایوان اقتدار میں نہیں واش رومز میں ہی اچھے لگتے ہیں ۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جب پیرا شوٹر اور ایجنٹ ملک پر مسلط ہوں گے تو معیشت سکڑے گی اور مہنگائی کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا پاکستان کا روپیہ بنگلادیش اور افغانستان سے بھی زیادہ بے وقت ہو گیا ہے جس کا کریڈٹ نیازی کی نالائق معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔