مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی آہ وبکا کو آپ بلیک میلنگ کہیں گے، تو اس پر آپ کو شرم آنی چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے حسی کی انتہا ہے، آپ پر 22 کروڑعوام کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کی لاشیں آگے رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں، کیا ان کی لاشوں سے آپ کی انا بڑی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں آپ آجائیں اور اُن کےسروں پر ہاتھ رکھ دیں، وہ کہہ رہے ہیں انہیں کچھ یقین دہانیاں کرادیں، ہم لاشوں کو دفنادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کو آپ بلیک میلنگ کہہ رہےہیں، یہ آپ کا فرض ہے اور یہ آپ کو کرنا پڑے گا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آپ کے پاس ترکش ڈرامہ دیکھنے اور اُن کے ایکٹرز سے ملنے کا وقت ہے، آپ کے پاس کتوں سے کھیلنے کا وقت ہے مگر مظلوم لوگوں کے سر پر ہاتھ رکھنے کا وقت نہیں ہے۔
مریم نواز شریف مقامی ہوٹل سے کوئٹہ ائرپورٹ کےلیے روانہ ہوگئیں۔