• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی نئی شکل، اسپین میں بڑی پابندیاں عائد

دُنیا ابھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے سنبھل نہیں پائی تھی کہ برطانیہ میں دریافت ہونے والے نئے کورونا وائرس نے یورپی ممالک میں سنسنی پھیلا دی ہے۔

اس ضمن میں مختلف ممالک کے ساتھ ساتھ اسپین کے صوبے کاتالونیا میں بھی ایک فرد میں اِس نئے وائرس کی موجودگی سامنے آنے پر ملک بھر میں نئی اور بڑی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔

ہسپانوی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ کاتالونیا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 148 اموات ہوئی ہیں جبکہ دو ہزار 308 افراد متاثرین میں شامل ہوئے ہیں، مقامی اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد دو ہزار 150ہے۔

ہسپانوی محکموں کا کہنا ہے کہ کرسمس تہوار کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے مختلف علاقے کورونا وائرس کے متاثرین میں اضافے کا باعث بنی ہے۔ کورونا کے پھیلاؤ اور متاثرین میں اضافے کے باعث کاتالان حکومت نے نئے انسدادِ کورونا اقدامات کی منظوری دی تھی جو دس دن کے لیے نافذ کر دیے گئے ہیں۔

موجودہ صورت حال کے پیش نظر صوبہ بھ رمیں بلا جواز نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، شہریوں کو اپنے رہائشی علاقوں تک محدود کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کوئی شہری بلا ضرورت اپنی بلدیہ کی حدود سے باہر نہیں جا سکتا، چار سو میٹر سے بڑے کمرشل سینٹرز مکمل طور پر بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ کیفے بارز اور ریسٹورنٹس پہلے کی طرح صرف ناشتے اور دوپہر کی کھانے کی سروس فراہم کر سکتے ہیں اس کے علاوہ ہوم ڈلیوری اور ’ٹیک اوئے‘ کی سہولت رہے گی، ایک ہزار کی گنجائش والے تھیٹر، سینما گھر اور کنسرٹ ہال صرف 30 فیصد گنجائش کے ساتھ کھل سکیں گے۔

رات دس بجے سے صبح چھ بجے تک باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔ کسی خاص وجہ کے بغیر صوبہ کاتالونیا میں داخلے اور باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہو گی، چھٹی والے دن بنیادی ضرویات سے متعلق دُکانیں کھل سکیں گی، جن میں سپر مارکیٹس، صفائی کا سامان، فارمیسی، ٹیلی کمیونیکیشن اور حجام کی دُکانیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مساجد بھی 30 فیصد افراد کی حد کے ساتھ کھلیں گی۔

تازہ ترین