کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ہفتہ کو سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے بلاول ہاوَس میں ملاقات کی اور سینیٹ میں قانون سازی اور ملک میں جمہوریت کو درپیش چیلنجز سمیت دلچسپی کے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے احتساب کی ہنڈیا بھی اس کے دیگر دعووں کی طرح بیچ چوراہے پر پھوٹ رہی ہے، احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا چُورن اب نہیں بکے گا، نیب اپنی ساکھ کھو چکی ہے، انھوں نے کہا کہ بلاامتیاز احتساب کا مکینزم بنانے کا اختیار فقط پارلیمان کو ہے دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی ذوالفقار علی بیہن نے بھی بلاول ہاوس میں ملاقات کی ،اس ملاقات کے دورن ذوالفقار علی بیہن نے پارٹی چیئرمین کو اپنے حلقے کی صورتحال پر بریفنگ دی بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ ضلع نوشہروفیروز ہمیشہ شہید بھٹو کا قلعہ رہا ہے۔