وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پٹواری کچھ بھی کرلیں، کرپشن میں ہی پکڑے جائیں گے، نواز شریف کو وطن واپس لانے کے کیس میں بڑی جان ہے، انہیں اقامے پر نہیں کرپشن اور منی لانڈرنگ پر سزا ہوئی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لندن سے خبر آنے پر فیصلہ پڑھے بغیر شریف فیملی نے حسب روایت مٹھائیاں تقسیم کیں۔
لندن ہائیکورٹ فیصلے پر مریم نواز نے اپنا بیانیہ مسلط کرنے کی کوشش کی، براڈ شیٹ کیس معاملے پر جو نقصان ہوا اس کے ذمہ داروں کا تعین کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھانجے یا بھتیجے نے کیوے موسوی کو رشوت دینے کی کوشش کی اگر سچے ہیں تو اس پر مقدمہ کریں۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شریف فیملی تواتر سے جھوٹ بولتی ہے، شریف خاندان درحقیقت جھوٹوں کی داستان ہےجن کے تازہ جھوٹ کی ابتداء پانامہ کیس سے ہوئی۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نون لیگ والوں نے اقامے کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی۔