پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے لیے فاسٹ بولر عمر گل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بطور بولنگ کوچ خدمات سر انجام دیں گے، عبدالرزاق کی مصروفیات کی وجہ سے یہ جگہ خالی ہوئی تھی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے بولنگ کرنے والے اب اسی ٹیم میں بطور بولنگ کوچ کام کریں گے۔
عمر گل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان معاملات طے پائے گئے ہیں جس کے بعد وہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بتایا کہ ان کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ سے بات ہوگئی ہے اب کوچنگ کی طرف پیش قدمی کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل عبدالرزاق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ تھے لیکن خیبر پختونخوا کے ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن کی وجہ سے وہ بطور بولنگ کوچ کام نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ عمر گل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔