اسلام آباد( جنگ رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے گلوکارہ میرا شفیع عرف میشا شفیع کی جانب سے گلوکار و اداکار علی ظفر کیخلاف صنفی طور پرہراساں کرنے سے متعلق کیس کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی اپیل کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے اس کیس کوʼʼ جنسی یا صنفی ہراسیت ʼʼ کی تعریف کے تعین سے متعلق ازخود نوٹس کیس کیساتھ یکجا کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مسول علیہ علی ظفر کے وکیل سے آئندہ سماعت تک تحریری جواب طلب کرلیا ہے ،جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز میشا شفیع کی اپیل کی سماعت کی تو ان کی پیروی خواجہ احمد حسن ایڈووکیٹ نے کی ۔