• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شائقین کرکٹ کیلئے دنیائے کرکٹ کے چار بہترین کپتانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر پول جاری کیا، پول میں 47 فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد عمران خان بہترین کپتان بن گئے۔

آئی سی سی کی جانب سے رائے شماری کیلئے دیئے گئے کپتانوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ، بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی، آسٹریلیا کی خواتین  کرکٹ ٹیم کی موجودہ کپتان میگ لیننگ، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز شامل تھے۔

پول میں پوچھا گیا تھا کہ آپ کی نظر میں کونسا کپتان بہترین ہے۔ 24 گھنٹوں کے لیے جاری کیے گئے پول میں 5 لاکھ 36 ہزار سے زائد لوگوں نے حصہ لیا اور عمران خان کو بہترین کپتان قرار دیا۔

عمران خان کے بعد دوسرے نمبر پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی 46 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔



آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کپتانی غیر معمولی کرکٹرز کیلئے نعمت ثابت ہوئی ہے، ٹیم کی قیادت کرنے والے ان کھلاڑیوں نے قیادت کے دوران اپنی پرفارمنس بھی بہتر کی۔

پول کا آغاز کرتے ہوئے آئی سی سی نے لکھا کہ ’آپ فیصلہ کریں کہ ان میں سے کون کون سے ’پیسٹرز‘ سب سے اچھے تھے۔‘

آئی سی سی کے ٹویٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی کی بغیر کپتانی بیٹنگ کی اوسط51.29 تھی لیکن ٹیم کی قیادت کے دوران ان کی اوسط اضافے کے بعد 73.88 تک پہنچ گئی۔

جنوبی افریقہ کے ایب ڈویلیئرز کی اوسط 45.97 تھی جب وہ کپتان نہیں تھے لیکن کپتانی کے دوران ، اوسطا اسکور 63.94 تک پہنچا۔

اسہ طرح میگ لیننگ کی بھی ٹیم کی قیادت کے دوران کارکردگی میں بہتری دیکھی گئی۔

عمران خان پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم اور قومی ٹیم کے سابق کپتان  کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کی اوسط 25.43 سے 25.53  تک بڑھی تھی۔

تاہم ، کپتان کی حیثیت سے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کی بیٹنگ اوسط 52.34 اور بولنگ اوسط 20.26 رہی۔

تازہ ترین