گزشتہ سال خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ اسٹار سشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے بھائی کا لکھا ایک نوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شویتا سنگھ کیرتی نے اپنے بھائی کی یاد میں انسٹاگرام پر سشانت سنگھ کا وہ یادگار نوٹ شیئر کیا ہے جو اُنہوں نے اپنی زندگی کے 30 برس مکمل ہونے پر لکھا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت نے اپنے نوٹ میں لکھا تھا کہ ’"مجھے لگتا ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے جو 30 سال گزارے ہیں اس میں کچھ بننے کی کوشش کی ہے۔‘
بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’میں چیزوں میں بہتر ہونا چاہتا تھا، میں ٹینس، اسکول اور اپنے گریڈز میں ایک ہونہار اور قابل انسان بننا چاہتا تھا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں جس طرح ہوں ٹھیک نہیں ہوں لیکن اگر میں چیزوں میں اچھا ہوجاتا ہوں تو ٹھیک ہوجاؤں گا۔‘
آخر میں شسانت سنگھ نے لکھا کہ ’مجھے احساس ہوا کہ میں اپنے کھیل میں غلط تھا کیونکہ کھیل میں ہمیشہ یہ جاننا ہوتا تھا کہ میں پہلے سے کیا تھا۔‘
سشانت سنگھ کی بہن نے بھائی کے ہاتھ کا لکھا نوٹ شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’بھائی کی سوچ کتنی گہری تھی۔‘
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ForeverSushant کا بھی استعمال کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ اُن کے بھائی ہمیشہ اُن کے دل میں زندہ رہیں گے۔
یاد رہے کہ 34 سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ سال 14 جون کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔