• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہلی کا عمران خان سے مقابلہ غیر منصفانہ ہے، زرتاج گُل

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گُل کہتی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان سے ویرات کوہلی کا مقابلہ غیر منصفانہ ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شائقین کرکٹ کیلئے دنیائے کرکٹ کے چار بہترین کپتانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر پول جاری کیا، پول میں 47 فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد عمران خان بہترین کپتان بن گئے۔

اس خوشخبری پر جہاں شائقین کرکٹ خوش ہیں تو وہیں وفاقی وزیر زرتاج گُل نے بھی اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی بیان جاری کیا ہے۔

زرتاج گُل نے ٹوئٹر پر آئی سی سی کی جانب سے جاری کئے گئے پول کے نتائج کی تصویر شیئر کی جس کے مطابق عمران خان بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے صرف ایک فیصد زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر کامیاب ہوئے ہیں یعنی اس پول میں عمران خان کو 47 فیصد ووٹ ملے ہیں جبکہ ویرات کوہلی کو 46 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’تمام تر انصاف کے ساتھ ، سروے بڑے پیمانے پر فرق کو پوری طرح سے ظاہر نہیں کرتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عمران خان برصغیر کے سب سے بڑے کرکٹر اور کپتان ہیں۔‘

زرتاج گُل نے کہا کہ ’ویرات کوہلی بہت احترام کے مستحق ہیں لیکن اصل کنگ خان کے خلاف اُن کا مقابلہ کرنا غیر منصفانہ ہے۔‘

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے رائے شماری کیلئے دیئے گئے کپتانوں میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان ، بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی، آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی موجودہ کپتان میگ لیننگ، جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز شامل تھے۔

تازہ ترین