پاکستانی اداکارہ سجل علی سے متعلق خبریں زیرگردش ہیں کہ وہ برطانیہ میں جمائما گولڈ اسمتھ کی فلم میں کام کرنے جارہی ہیں۔
برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈاسمتھ کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی شوٹنگ لندن میں شروع ہوگی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون راشد نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ’یہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ سجل علی جمائما کی فلم میں کام کرنے جارہی ہیں، اس کی تصدیق کیلئے ان کے میسج کا انتظار ہے۔‘
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سچ ہوا تو سجل کا یہ ایک بڑا کارنامہ ہوگا۔‘
ہارون راشد کے ٹوئٹ پر مہر تارڑ نے ردعمل دیا کہ ’یہ ایک حیران کن بات ہے، میں اس فلم کی شدت سے منتظر ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ سجل ایک باکمال، باصلاحیت اداکارہ ہیں، اس فلم سے متعلق ہر بات ہی بہترین دکھائی دے رہی ہے۔‘
اب تک سجل اور جمائما کی جانب سے تو کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تاہم جمائما نے مہر تارڈ کا مذکورہ ٹوئٹ لائک کیا۔
خیال رہے کہ جمائما کی فلم کے دیگر مرکزی کرداروں میں للی جیمز ، 32سالہ اداکار شہزاد اور 61سالہ اداکارہ ایما بھی اس فلم کا حصہ ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ لوگ فلم میں کون سے کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم کے ڈائریکٹر شیکھر کپور ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فلم کی کہانی جمائما خان نے خود لکھی ہے جو ان کی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ محبت اور شادی کی کہانی سے متاثرہو کر لکھی گئی ہے۔
شیکھر کپور مشہور فلم مسٹر انڈیا سمیت کئی بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فلمیں بنا چکے ہیں، بالی ووڈ فلم ساز شیکھر کپور کو ان کے پراجیکٹ ’الزبتھ: دی گولڈن ایج‘ کو 2007 میں اسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس فلم میں کیٹ بلانشیٹ نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔