پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، جس کے باعث یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 417 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 45 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 72 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 863 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 359 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 72 لاکھ 84 ہزار 9 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 169 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 294 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 31 ہزار 953 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 755 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 47 ہزار 953 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 370 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 62 ہزار 719 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 762 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 39 ہزار 749 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک کُل 449 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 515 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 189 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 567 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک کُل 237 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 101 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔