• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے پیر 18 جنوری سے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کر دیا۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کی دوسری لہر کے باعث بند کیئے گئے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 15 ستمبر کو تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، اس وقت بیماری لگنے کا ریٹ 1 اعشاریہ 9 کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تو کورونا وائرس کی مثبت شرح 7 اعشاریہ 14 ہو گئی تھی، پچھلے 8 ماہ کے دوران تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ ماہرین نے بتایا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے مثبت شرح کم ہوگی، کورونا وائرس کی مثبت شرح 7 اعشاریہ 14 سے کم ہوکر 6 اعشاریہ 10 ہو گئی ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ ابھی بھی کورونا وائرس کے کیسز بڑھ رہے ہیں، 9 ویں تا 12 ویں جماعت کے امتحانات ہونے ہیں، اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 18 جنوری سے نویں سے 12 ویں جماعت تک کی کلاسیں کھل جائیں گی اور پڑھائی شروع ہو جائے گی، جبکہ پرائمری سے مڈل کی کلاسیں 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے کھلیں گی۔

وفاقی وزیرِ تعلیم نے بتایا کہ پرائمری سے 8 ویں تک کی کلاسوں کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی ادارے بھی یکم فروری سے کھلیں گے۔

 ان کا مزید کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں انفیکشن کا ریٹ مختلف ہے، اگلے ہفتے تمام صورتِ حال پر دوبارہ غور کیا جائے گا۔

شفقت محمود نے یہ بھی بتایا کہ شہروں میں کورونا وائرس کی شرح دیکھ کر مزید فیصلے کیئے جائیں گے، اگلے ہفتے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں شہروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا پھر جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث کورونا کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔


پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 417 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 45 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 72 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 863 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 359 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 72 لاکھ 84 ہزار 9 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 169 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 294 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین