سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے بھارت کی مقبول ترین اور معزز ترین پلے بیک سنگر لتا منگیشکر کی آواز پر تنقید کرنے والے بھارتی ٹوئٹر صارف کو کھری کھری سُنا دی۔
گزشتہ دنوں بھارت میں مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر لتا منگیشکر ٹاپ ٹرینڈ رہیں اور اُن کے نام ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی صارفین نے گلوکارہ کے لیے محبت بھرے پیغامات جاری کیے۔
انہی بھارتیوں میں کچھ ایسے بھی صارفین شامل ہیں جنہوں نے گلوکارہ کی آواز پر شدید تنقید کی۔
کاویری نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’بھارتیوں کا برین واش کیا جاتا ہے کہ لتا منگیشکر کی آواز سُریلی ہے جبکہ ایسا بالکل نہیں ہے۔‘
بھارتی صارف کی اس تنقید پر سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع خاموش نہ رہے اور اُنہوں نے صارف کو خوب سُنائی۔
عدنان سمیع نے صارف کو کرارا جواب دیتے ہوئے ایک محاورہ لکھا :
بندر کیا جانے ادرک کا سواد
اُنہوں نے کہا کہ ’اپنا منہ کھول کر گھٹیا باتیں کرکے اپنی بیوقوفی کا ثبوت دینے سے بہتر ہے کہ آپ اپنا منہ بند رکھیں۔‘
عدنان سمیع کے اس کرارے جواب کو بھارتی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے خوب داد مل رہی ہے۔
یاد رہے کہ گلوکار پاکستان میوزک انڈسٹری کےلیے کئی نامور گانے ترتیب دے چکے ہیں لیکن اب وہ بھارتی شہریت حاصل کرکے مکمل طور پر بھارت منتقل ہوگئے ہیں۔