مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ معافی مریم اورنگزیب نہیں مانگیں گی، اب آپ کا وقت معافی مانگنے کا ہے۔
راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فارن فنڈنگ پر جواب جمع کرادیا ہے، آپ بھی جواب دیں۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان نے لانگ مارچ پنڈی کی طرف کرنے کا کہا ہے، فیصلہ نہیں کیا ہے، لانگ مارچ کے مقام کا فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوگا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ مریم نوازپنڈی کے کسی مقام سے کارکنوں کے ہمراہ الیکشن کمیشن آفس پہنچیں گی، جب ہم نے جلسوں کا آغاز کیا تو کہتے تھے یہ جلسے نہیں کرسکتے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ہم نے جلسے کرکے دکھائے اور عوام نے بھی بھرپور پذیرائی کی، لانگ مارچ میں مریم نواز کی قیادت میں پورا پنجاب چلے گا۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ لانگ مارچ اور استعفوں کا آپشن ہے اسی طرح تحریک عدم اعتماد کا بھی آپشن ہے، ہر قیمت پر پروپیگنڈے پر قائم حکومت گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں پورے پنجاب سے کارکن جمع کریں گے،انصاف کی توقع ہو تو ہم پٹیشن دائر کریں گے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ جیسا حال ہماری پٹیشن کا بھی ہو سکتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ کون نہیں جانتا کہ کنگ پارٹی سلیکٹد کے لیے بنائی گئی، عوام سے اپیل ہے کہ گھر دکان چھوڑ کر مظاہرے میں ایک گھنٹہ کے لیے آئیں۔