• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زین ملک کے انگریزی گانے میں ’چودہویں کے چاند‘ کا تڑکا

پاکستانی نژاد معروف برطانوی گلوکار زین ملک نے اپنے نئے البم ’نو باڈی از لسننگ‘ سے حال ہی میں پردہ اٹھایا ہے جس میں محمد رفیع کے گانے کے لیرکس اور میوزک نے مداحوں کو ششدر کردیا۔

5 سال قبل ’ون ڈائرکشن‘ کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرنے والے زین ملک کے نئے انگریزی البم میں شامل گانا ’ٹائٹ روپ‘ میں بھارتی لیجنڈ گلوکار محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنے گانے میں محمد رفیع کے 60 کی دہائی کے مقبول ترین گیت ’چودہویں کا چاند ہو‘ کے لیرکس اور میوزک کو اپنے گانے میں شامل کیا۔

’ٹائٹ روپ‘ نے دنیا بھر میں اردو سمجھنے والوں کو یکدم ہی حیرت زدہ کردیا کہ جب انہوں نے اس مقبول گیت کو زین ملک کے گانے میں سُنا۔

یہ ایک انگریزی گانا ہے اور زین ملک کے اردو بولنے اور سمجھنے والے پرستاروں کے لیے یقیناً بہت بڑا اور خوشگوار سرپرائز ہے۔

نئے البم میں اردو گانا شامل کرکے زین ملک نے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے پاکستانی بیک گراؤنڈ کو بھولے نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ زین ملک نے ایشیائی دُھن اپنے گانے میں شامل کی ہو، اس سے قبل بھی وہ اپنے گانوں میں اردو لیرکس کو شامل کرتے آئے ہیں۔

زین ملک نے اردو سے متاثر ہوکر ایک فیشن لائن بھی لانچ کی تھی، اپنے ڈیبیو البم مائنڈ از مائن کے ساتھ زین ملک نے ایک فیشن لائن بھی لانچ کی تھی، جن کے ملبوسات پر اردو زبان تحریر ہے۔

اردو زبان تحریر کرنے پر زین کا کہنا تھا کہ ’میری فیملی کا تعلق پاکستان سے ہے، اس لیے اردو کی میرے لیے بہت اہمیت ہے‘۔


’ون ڈائریکشن‘ بینڈ کے سابق رکن زین ملک  نے اپنے البم ’مائنڈ آف مائن‘ میں ایک اردو گانا بھی شامل کیا تھا۔

اس گانے کے بول تھے، ’جب تک اس محبت کے پھول نہ کھلیں، تب تک اس دل کو سکوں نہ ملے۔‘ زین ملک کے اردو گانے میں صوفیانہ رنگ بھی شامل ہے۔ 

تازہ ترین