• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی رہنما فاروق شاہ نے آفتاب شیرپاؤ کی پارٹی جوائن کرلی

پیپلزپارٹی کے ضلعی رہنما میاں فاروق شاہ نے آفتاب شیرپاؤ کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی،اس موقع پر پارٹی چیئرمین آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ہم پرامن، آئینی اور قانونی تحریک چلا رہے ہیں۔

چارسدہ میں قومی وطن پارٹی کےچیئرمین آفتاب شیرپاؤ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جلسے جلوس کرنا ہمارا حق ہے، ہم کسی صورت عوام کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے اس تحریک میں شامل ہوں،ہمارے وعدے عمران خان کے یوٹرن والے وعدے نہیں۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ 2018 ءکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، یہ سیلکٹڈ حکومت ہے،ملک میں شفاف انتخابات کرائے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ساری توجہ صرف پی ڈی ایم پر ہے، پیٹرول کی قیمت میں ایک ماہ میں دو باراضافہ ہوا ہے، جبکہ چینی کی قیمت ایک بار پھر 100 روپے کلو سے تجاوز کرگئی ہے، ملک میں خطے کے دیگرممالک سے زیادہ مہنگائی ہے۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ جو بھی ہوتا ہے، موجودہ حکومت پچھلی حکومت یا مافیا پر ڈال دیتی ہے،سمجھ نہیں آتا یہ مافیا کہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ہاتھ میں اختیارات نہیں، لیکن ہر مسئلے پر عوام کے لئے آواز اٹھائیں گے۔

تازہ ترین