چین میں ایک رہائشی عمارت اپنی غیر معمولی اور اہرام جیسی ساخت کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ یہ عمارت جدید تعمیراتی ڈیزائن کی ایک دلچسپ مثال سمجھی جاتی ہے۔
چین جو کہ مختلف قسم کی عجیب و غریب رہائشی عمارتوں اور اپارٹمنٹس کا مرکز ہے۔ یہاں بعض ایسی دیوہیکل اور شہد کے چھتے جیسی عمارتیں موجود ہیں جن میں تقریباً 20 ہزار افراد رہ سکتے ہیں، جبکہ ایسی بھی ہیں جن کے اندر سے ٹرین گزرتی ہے اور کچھ عمارتیں مصروف فلائی اوورز کے درمیان واقع ہیں۔ لیکن آپ حیران ہوں گے کہ چین میں اہرام جیسی رہائشی عمارت بھی موجود ہے۔
یہ جدید اور مقبول ہواچیاو ضلع میں واقع کنشان کا اہرام چین کی سب سے مشہور رہائشی عمارتوں میں سے ایک ہے۔ اس کی تعمیر 2013 میں مکمل ہوئی اور تب سے یہ شہر کی نمایاں ترین سیاحتی مراکز میں شمار ہوتی ہے۔
مصر میں موجود حقیقی اہرام کے برعکس کنشان کا 18 منزلہ اہرام دو عمودی بیرونی دیواروں پر مشتمل ہے، جبکہ باقی دو دیواریں ترچھی ہیں، جن پر اپارٹمنٹس 45 درجے کے زاویے پر سیڑھی نما انداز میں ترتیب دیے گئے ہیں، جو ایک متاثر کن وژیول تاثر پیدا کرتے ہیں۔ اس منصوبے کے پیچھے موجود آرکیٹیکچر فرم کے مطابق اس عمارت کے ڈیزائن کے لیے روایتی چینی دھان کے کھیتوں سے مدد لی گئی ہے۔
اگرچہ عمارت کے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے ہر اپارٹمنٹ کے جھکتے ہوئے حصے میں ایک بڑا ٹیرس موجود ہے، لیکن مجموعی طور پر اس عمارت کو کئی عملی مسائل کا سامنا ہے۔ اس کی غیر معمولی شکل اندرونی حصوں کی ہوا اور روشنی کے نظام میں مشکلات پیدا کرتی ہے، جبکہ اس کا پیچیدہ ڈیزائن آگ سے حفاظت کے نظام پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔