شمالی بھارتی ریاست اتر پردیش کے صدر مقام لکھنؤ کے ایک کوچنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے کے بعد لوگوں نے بالائی منزلوں سے نیچے کود کر جان بچائی۔ آگ پر کچھ دیر بعد قابو پا لیا گیا، جس کے بعد عمارت کی تلاشی کا عمل شروع کیا گیا۔
اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ لکھنؤ شہر کے علاقے علی گنج میں واقع ایک کوچنگ اور اینیمیشن سینٹر میں پیر کے روز لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 14 میں طلبہ ہلاک ہوگئے، جس کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ برجیش پاٹھک کے مطابق زیادہ تر متاثرہ طلبہ کی عمریں 16 سے 18 سال کے درمیان تھیں اور وہ آگ لگنے کے وقت سینٹر میں کلاسیں لے رہے تھے۔ متعدد دیگر افراد کو بھی محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا جبکہ امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے فیروز آباد کا اپنا دورہ مختصر کرکے فوری طور پر لکھنؤ واپس پہنچے اور اعلیٰ حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔