شوبز ستاروں کے لیے کہا جاتا ہے کہ ان کی دوستی اور محبتیں طویل عرصے تک قائم نہیں رہتی ہیں اور جس طرح یہ اچانک شادی کے بندھن میں بندھتے ہیں تو ویسے ہی اچانک اپنے جیون ساتھی سے راہیں جُدا کر لیتے ہیں لیکن یہ سوچ ہر شوبز فنکار کے لیے درست ثابت نہیں ہوتی ہے۔
اگر ہم بالی ووڈ ستاروں کی بات کریں تو اُن میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے بچپن کی دوستوں کو جیون ساتھی چُنتے ہوئے ناصرف اپنی ازدواجی زندگی مضبوط بنائی ہے بلکہ اپنی دوستی کو بھی قائم رکھا ہے۔
آئیے اُن بالی ووڈ اداکاروں کے بارے میں جانتے ہیں جنہوں نے اپنے بچپن کی دوستوں کو جیون ساتھی منتخب کیا۔
شاہ رخ خان:
کنگ خان کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی اپنی اہلیہ گوری سے پہلی ملاقات اسکول پارٹی کے دوران ہوئی تھی اور اسی ملاقات کے دوران اس جوڑی کی دوستی ہوئی، وقت گُزرنے کے ساتھ ہی یہ دوستی محبت میں تبدیل ہوئی اور پھر سال 1991 میں دونوں نے شادی کر لی۔
ریتھیک روشن:
بالی ووڈ میں اپنے منفرد ڈانس اسٹیپز کی وجہ سے مشہور اداکار ریتھیک روشن کی ازدواجی ز ندگی کی بات کریں تو اُنہوں نے بھی اپنی بچپن کی دوست سوزان خان سے شادی کی تھی لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کے درمیان علیحدگی ہو گئی، تاہم علیحدگی کے باوجود یہ دونوں آج بھی ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں اور اکثر و بیشتر کئی مقامات پر ایک ساتھ بھی نظر آتے ہیں۔
آیوشمان کھرانا:
بالی ووڈ کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار و میزبان آیوشمان کھرانا اور ان کی اہلیہ طاہرہ کیشپ بھی بچپن کے دوست ہیں، دونوں ایک ہی کالج میں زیرِ تعلیم تھے، دونوں نے 2011ء میں شادی کی اور اس جوڑی کے 2 بچے ہیں جن میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہے۔
جیکی شیروف:
بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیکی شیروف اور ان کی اہلیہ عائشہ شیروف بھی ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے اور دونوں اسکول کے زمانے سے ہی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے، 1987ء میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھے اور یہ شادی آج بھی قائم ہے۔
فردین خان:
اداکار فردین خان اور اُن کی اہلیہ نتاشا بھی بچپن کے دوست ہیں اور ساتھ ہی بڑے ہوئے ہیں، فردین خان اور نتاشا 2005ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے اور آج بھی ان کی یہ خوبصورت جوڑی قائم ہے۔
ورون دھوون:
بالی ووڈ کے نوجوان اور کامیاب اداکار ورون دھوون ابھی تک رشتۂ ازدواج میں منسلک نہیں ہوئے ہیں لیکن بھارتی میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش ہیں کہ اداکار رواں ماہ کے آخر میں اپنی اسکول کی دوست نتاشا دلال کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔