• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباب رحیم کی سیاست کا آج خاتمہ دیکھ رہا ہوں، سردار شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سردار شاہ کاکہنا ہے کہ پی ایس 52 عمرکوٹ کے ضمنی انتخابات میں28 سال کے جوان سے شکست کھاکر ارباب رحیم کی سیاست کا خاتمہ دیکھ رہا ہوں۔

وزیر ثقافت سندھ سید سردار شاہ نے اپنا ووٹ پولنگ اسٹیشن نمبر61 میں کاسٹ کیا۔

پی ایس 52 عمرکوٹ کے ضمنی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار شاہ نے کہا کہ ارباب غلام رحیم نے 2018 ء میں یہاںسے 32 ہزار ووٹ لئے اس کے بعد اب آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے 2018ء میں یہاں سے 1 لاکھ ووٹ لیے پھر یہاں کے عوام کو مڑکر نہیں دیکھا۔

سردار شاہ کاکہنا تھا کہ علی مردان شاہ کا انتقال 19 جنوری 2019 ءمیں ہوا ایک سال کے بعد اس نشست پر آج الیکشن ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52عمرکوٹ پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ،حلقے میں پی پی کے امیدوار امیر علی شاہ اور جی ڈی اے کے ارباب غلام رحیم میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

ارباب غلام رحیم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار ہیں اور انہیں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی حمایت بھی حاصل ہے۔

پی ایس 52 میں آج عام تعطیل کا اعلا ن کیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

پی ایس 52 کی کل آبادی 3 لاکھ 49 ہزار 773 ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار 174 ہے۔

اس حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 83 ہزار 268 ہے جبکہ 128 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 40 حساس اور 50 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

حلقے میں پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔


تازہ ترین