پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہاہے کہ بلاول سمجھدار ہیں وہ کل الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج میں نہیں آ رہے، اعتزاز احسن نے انہیں سمجھا دیا ہے کہ یہ فارن فنڈنگ کا کیس نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے باہر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 سال سے نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے، دونوں جماعتوں نے اپنے فنڈز کی تفصیل جمع نہیں کروائی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ نون لیگ کے حوالے الیکشن کمیشن کے 2020 ء کا حکم واضح ہیں، یہ کس منہ سے ہمارے اوپر ممنوعہ فنڈنگ کا الزام لگا رہے ہیں، بینظیر بھٹو نے بھی نون لیگ کے حوالے واضح کردیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ پاپڑ، فالودہ اور چائے والے کے اکاؤنٹ والی واردات ان کی تھی، ہم بینکنگ چینل سے باہر سے پیسہ لے کر آئے، یہ کل کس منہ سے احتجاج کریں گے،کل ان کا احتجاج ان کے اپنے خلاف جائے گا۔
فرخ حبیب نے نون لیگ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کل کا احتجاج این آر او لینے کی ایک اور کوشش ہے، یہ کس جوازکے تحت الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کرنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا ہے۔