• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرملکی فنڈنگ پاکستان کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، مولانا فضل الرحمان


پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ پاکستان کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، پی ڈی ایم کی قیادت فارن فنڈنگ معاملے پر بھر پور احتجاج کرےگی۔

 پی ڈی ایم  کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اسکینڈل کا مرکزی ملزم ہے، فارن فنڈنگ کیس 6 برس سے زیر التوا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مریم نواز نے خصوصی دعوت پر  شرکت کی، اجلا س میں کل اسلام آباد میں   الیکشن کمیشن کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی حکمت عملی پر غور ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مدر آف این آر او لے کر سیاسی عدم استحکام کیا، عمران خان نے پارٹی فنڈ کے نام پر کروڑوں روپے اکٹھے کیے، سیلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف کیس 6 برس سے زیرالتوا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی گئی، 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ملین مارچ میں پی ڈی ایم قیادت شرکت کرے گی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ  5 فروری کو کشمریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جائے گا، لیاقت باغ جلسے میں شرکت کے لیے کشمریوں کی جماعت کو دعوت دی گئی ہے، پی ڈی ایم کی جماعتیں بھی لیاقت باغ جلسے میں شرکت کریں گی۔



انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کافیصلہ جلد سنائِے، ہم دھاوا نہیں احتجاج کریں گے، جمہوریت کی بحالی کی بات کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کے خلاف چند ماہ میں فیصلہ آجاتا ہے، سیلیکٹڈ کے خلاف فیصلہ 6 سال سے زیر التوا ہے، الیکشن کمیشن کو کیس لٹکانے اور جانب داری کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کے بعد طے کریں گے آئندہ کیا کرنا ہے، لانگ مارچ پورے ملک سے ہوگا، مافیاز نے پیسہ لگایا ہوتا تو ہم ان کے آگے جھک جاتے۔

تازہ ترین