مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی سے متعلق فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد از جلد آ جائے۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نون لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ منتخب وزیرِاعظم کے خلاف 6 ماہ میں فیصلہ آگیا مگر پی ٹی آئی کے خلاف اتنے عرصے سے نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کے پاس جانا علامتی ہے، پی ٹی آئی نے غیرقانونی ذرائع سے فنڈنگ لی اوران فنڈز کو ڈکلیئر نہیں کیا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کا کوئی خفیہ اکاؤنٹ نہیں ہے، نون لیگ نے ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ بھی نہیں لی ہے۔
رہنما مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کیس چل رہا ہے اور جب یہ گندی ہو رہی ہے تو اس نے نون لیگ کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر کے خلاف آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاج کر رہی ہے۔