• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KDA کے 5600 پلاٹس کی فائلیں ریکارڈ سے غائب ہونے کا انکشاف

کراچی (طاہر عزیز/اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے) کی مختلف اسکیموں کے5 ہزار6سو پلاٹوں کی فائلیں ریکارڈ سےغائب ہونے کا انکشاف،ادارے نے مسنگ فائلوں کو بلاک کر کے ان کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کر دیں۔ منگل کو اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ناصر عباس سومرو نے بتایا کہ گزشتہ بیس سال کے دوران جس کا جی چاہا ادارے کے ریکارڈ سے فائل اپنے ساتھ لے گیا اب ہم نے ایسی غائب ہونے والی فائلوں کے مالکان کی سہولت کے لئے انہیں ری کانسٹی ٹیوٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ڈی اے کی لینڈ کمانڈ پانچ اسکیموں کلفٹن ،کورنگی،لانڈھی،سرجانی ٹاون اور نارتھ کراچی میں ماضی میں ہونے والی چائنا کٹنگ میں 12 ہزارپلاٹوں پر قبضے کی نشاندہی ہوئ ہے اگر ایک گھر میں 6 افراد بھی رہتے ہوں تویہ تعداد 72 ہزار بنتی ہے جو مکانات خالی کرانے سے متاثر ہونگےاس سلسلے میں ہم نے پالیسی اور مدد کے لئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر،ایڈمنسٹریٹر اور دیگر حکام کو لکھ دیا ہے۔ ادارے کے مالی حالات کا ذکر کرتے ہوئے ڈی جی نے کہا کہ اسے چلانے کے لئے مناسب فنڈز نہیں ہیں تاہم چند ماہ پہلے ادارے کا اپنا ماہانہ ریونیوجو دس بارہ کروڑ روپے تھا اب بڑھ کر 25 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہےتنخواہوں وغیرہ کے لئے ہمیں ہر ماہ 34 سے 35 کروڑ روپے درکار ہوتے ہیں اس وقت تنخواہیں دو ماہ لیٹ چل رہی ہیں ان کو جلد وقت پر لے آئیں گے۔

تازہ ترین