ملک کے دو صوبوں سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں اس وقت دھند کا راج ہے، جس کے باعث کئی جگہ حدِ نگاہ صفر ہو گئی۔
سندھ کے شہر نواب شاہ میں ہر سو دھند پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے حدِ نگاہ 20 میٹر تک رہ گئی ہے جبکہ شاہراہوں پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔
لاہور میں آج پھر دھند نے ڈیڑے جما لیئے ہیں، تاہم شہر کے پارکوں میں ورزش کرنے والے معمول کے مطابق ورزش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
چیچہ وطنی شہر اور گرد و نواح میں دھند کے باعث نیشنل ہائی وے پر حدِنگاہ صفر ہو گئی ہے، ٹریفک کو قافلوں کی شکل میں گزارا جا رہا ہے۔
دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم 2 لاہور سے شیخو پورہ تک اور موٹر وے ایم 3 لاہور سے در خانہ تک بند ہے۔
دھند کے باعث موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ تک، موٹر وے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک بند ہے۔
موٹر وے ایم 4 گوجرہ سے شور کوٹ تک بھی بند ہے، جبکہ ملتان سے خانیوال تک بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھند میں گاڑیاں نکالنے سے گریز کریں، اشد ضرورت کے تحت نکلتے وقت فوگ لائٹس کا استعمال کریں، زیادہ اسپیڈ اور اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔