پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، جس کے باعث یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں دوبارہ تیزی سے اضافہ ہوا ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر آگیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 772 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 48 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 2 ہزار 46 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 103 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 604 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 74 لاکھ 81 ہزار 688 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 35 ہزار 163 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 368 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 78 ہزار 517 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 37 ہزار 308 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 830 ہو گئیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 50 ہزار 889 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 476 ہو گئیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 64 ہزار 78 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 799 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 304 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک کُل 460 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 640 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 191 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 672 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک کُل 245 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 892 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔