• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کپ: سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

پاکستان کپ کے ساتویں راؤنڈ میں ناردرن کے خلاف سینٹرل پنجاب کے لیگ اسپنر عثمان قادر کی چھ وکٹوں کی بدولت سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 44 رنز سے شکست دے دی۔

دوسری جانب سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 8 وکٹ سے مات دی، لیفٹ آرم اسپنر عمر خان نے پانچ شکار کیے۔

دانش عزیز کی ناقابل شکست سنچری اور حسان خان کی نصف سنچری کی بدولت سندھ نے خیبر پختونخوا کو 4 وکٹ سے ہرادیا، سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

کراچی میں جاری ایونٹ کے ساتویں راؤنڈ میں یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ناردرن کے خلاف 5 وکٹ پر 330 رنز بنائے، کپتان سعد نسیم نے 82 اور رضوان حسین نے 77رنز بنائے، جواب میں ناردرن کی ٹیم 286 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

آصف علی نے 88 رنز اسکور کیے، لیگ اسپنر عثمان قادر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں۔


نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں سدرن پنجاب نے بلوچستان کو 8 وکٹ سے زیر کیا، بلوچستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 157 رنز بناسکی، عمر خان نے 42 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، سدرن پنجاب نے ہدف 25ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ پر سندھ نے خیبر پختونخوا کو چار وکٹ سے شکست دے دی، سندھ کو 276 رنز کا ہدف ملا تھا جو اُس نے دانش عزیز کے ناقابل شکست 101 اور حسان خان کے 51 رنز کی بدولت حاصل کرلیا۔

سات راؤنڈ کے بعد سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

تازہ ترین