• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کا انتخاب متنازع صورت اختیار کرگیا

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے آئندہ چار سالہ مدت کیلئے صدر اور جوائنٹ سیکرٹریز کا انتخاب 24 جنوری کو لاہور میں ہوگا۔ خالد محمود چوہدری اور جہانگیر ریاض صدر کیلئے امیدوار ہیں۔

جہانگیر ریاض  کیونکہ پاکستانی نہیں ہیں اس لئے امکان ہے کہ خالد محمود چوہدری ایک بار پھر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے اگلی چار سالہ مدت کیلئے بلامقابلہ صدر منتخب ہوجائیں گے۔

لیفٹننٹ جنرل (ر) مزمل حسین بلامقابلہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین منتخب ہوچکے ہیں نئے آئین کے تحت وہ باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ ہوں جبکہ سیکرٹری کیلئے جنرل ناصر تنگ سمیت دیگر عہدیدار بھی بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ کے لیے محمد اصغر، تین نائب صدور کیلئے کیپٹن سید اسد علی عمران، ایئرکموڈور ندیم اجمل خان اور صادق خان، دو خاتون نائب صدور کی نشستوں پر بیگم عشرت اشرف اور شہناز کمال، خزانچی کے لیے محمد ضعیم نثار چوہدری کے ساتھ ایگزیکٹو ممبران میں محمد اعجاز، سید حفیظ الرحمان آغا، سید کمال خان اور عبدالرزاق، لیڈی ایگزیکٹوز ممبران میں فریحہ فاروق خان، عصمہ اکرم، عابدہ چیگیز اور زاہدہ خاتون قریشی منتخب قرار دی گئی ہیں۔ 


نومنتخب سیکرٹری ناصر تنگ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات کیلئے جہانگیر ریاض نے بھی انٹری جمع کرائی ہے لیکن چونکہ وہ پاکستانی نیشنل نہیں ہیں اس لئے امکان ہے کہ خالد محمود چوہدری ایک بار اگلی ٹرم کیلئے صدر بن جائیں گے۔ 

دوسری جانب پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے دوسرے دھڑے کے سیکرٹری اکرم خان نے ان انتخابات کو غیرقانونی قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ آٹھ سال سے پاکستان باکسنگ کے نام پر جعلی فیڈریشن چلائی جارہی ہے۔ 

پاکستان اولمپک کے سیکرٹری خالد محمود نے باکسنگ فیڈریشن پر زبردستی قبضہ کیا ہوا ہے اور اب بھی الیکشن کا جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے وہ غیرقانونی ہے جبکہ پنجاب باکسنگ ایسو سی ایشن انہیں پنجاب کی صدرات سے فارغ کرچکی ہے اور ان کی جگہ پر عابد باکسر کو صدر اور جہانگیر ریاض کو ایگزیکٹو وائس پزیزیڈنٹ منتخب کیا گیا ہے۔

ان کے الیکشن کا سب سے بڑا فراڈ یہ ہے کہ انہوں نے جنرل کونسل کا اجلاس بلائے بغیر الیکشن کمیشن کی تشکیل اور اپنی نامزدگیاں پنجاب باکسنگ ایسو سی ایشن کا اجلاس بلائے بغیر الیکشن کمیشن کو بھیج دی جبکہ پورا پاکستان یہ بات جانتا ہے کہ پاکستان اولمپک ہائوس میں ہمیشہ جعلی الیکشن منعقد ہوئے اس کی زندہ مثال پاکستان باڈی بلڈنگ کے ہونے والے الیکشن ہیں۔ پنجاب باکسنگ ایسوسی ایشن نے صدرات کے امیدوار کیلئے جہانگیر ریاض کو نامزد کیا تھا۔

تازہ ترین