• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک نے کمپنی کا ’لوگو‘ چوری کرنے کی اجازت دے دی

ٹیسلا کمپنی کے مالک اور دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک نے ایک ہی پیغام 154بار بھیجنے والے مداح کی خواہش پوری کرتے ہوئے کمپنی کا نام اور لوگو چُرانے کی اجازت دے دی۔

ٹوئٹر پر فعال ایلون مسک کو ایک گیم ڈویلپر لیوبومیر ولادیمیروف کی جانب سے ایک ہی پیغام 154 بار موصول ہوا جسے بالآخر انہوں نے جواب دے ہی دیا۔

مذکورہ شخص اپنی نئی گیم کے لیے ایلون مسک کی خلائی تحقیقاتی کمپنی اسپیس ایکس کانام اور لوگو (Logo)استعمال کرنا چاہتا تھا اور ایلون مسک سے اپنے پیغام کے ذریعے اس کی اجازت مانگ رہا تھا۔

اس شخص نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’ڈیئر ایلون میں ایک گیم ڈویلپر ہوں اور مریخ پر آبادی کے متعلق ایک گیم بنا رہا ہو، جس میں آپ اور اسپیس ایکس کو بھی دکھایا جائے گا، اس گیم کے لیے میں آپ کی کمپنی کا نام او رلوگو استعمال کرنا چاہتا ہوں۔‘


ٹوئٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ’یہ ٹوئٹ میں روزانہ ایک سال تک یا آپ کی طرف سے ’ہاں‘ یا ’نہیں‘ کا جواب آ جانے تک پوسٹ کرتا رہوں گا۔‘

تاہم اب اس شخص نے 154ویں بار یہ ٹوئٹ پوسٹ کی اور ایلون مسک کی طرف سے اس کا جواب آ گیا۔

ایلون مسک نے جوابی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’تم ہمارا نام اور لوگو چوری کر سکتے ہو اور غالباً ہم آپ کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے۔‘

تازہ ترین