• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان : کورونا وائرس کے کیسز میں 1 بار پھر نمایاں کمی


پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پہلی بار مثبت کیسز کی شرح میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔

وزارتِ صحت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 10 نومبر سے قبل کے حالات کی جانب پاکستان واپس آ گیا ہے، 10 نومبر 2020ء کے بعد کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا، جن میں اب ایک بار پھر نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

وزارتِ صحت کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 تا 8 نومبر 2020ء کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 9 کے قریب تھی۔

اب پاکستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 594 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 48 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ 1 ہزار 981 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار 295 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 32 ہزار 412 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 40 ہزار 285 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 76 لاکھ 42 ہزار 665 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 34 ہزار 628 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 70 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 لاکھ 86 ہزار 489 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 40 ہزار 570 ہو چکی ہے، جبکہ کُل اموات 3 ہزار 888 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 53 ہزار 410 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 4 ہزار 561 ہو گئیں۔


خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 65 ہزار 287 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 1 ہزار 832 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 40 ہزار 713 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 465 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 18 ہزار 736 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 193 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 8 ہزار 795 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 254 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 901 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 102 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین