• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جویریہ سعود کے گھر نادیہ خان اور اُن کے شوہر کی دعوت

پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود نے حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی نادیہ خان اور اُن کے شوہر کو اپنے گھر ڈنر پر مدعو کیا جس کی تصویریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔

جویریہ سعود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نادیہ خان اور اُن کے شوہر کے ہمراہ اپنی کچھ تصویریں پوسٹ کی ہیں۔


مذکورہ تصویروں میں نادیہ خان اور اُن کے شوہر فیصل ممتاز راؤ جویریہ اور اداکار سعود کے گھر میں موجود ہیں جبکہ اُن کے ساتھ ٹی وی انڈسٹری کے دیگر فنکاروں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

جویریہ نے انسٹاگرام پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُنہوں نے گزشتہ رات نادیہ خان اور اُن کے شوہر کو اپنے گھر ڈنر پر مدعو کیا تھا۔‘

اداکارہ و میزبان نے نادیہ خان کی نئی ازدواجی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ نادیہ خان رواں ماہ کی شروعات میں ہی ریٹائرڈ پی اے ایف آفیسر اور فائٹر پائلٹ فیصل ممتاز راؤ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔

نادیہ خان کے شوہر 18 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں پاک فضائیہ سے ونگ کمانڈر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور متحدہ عرب امارات کی فضائیہ میں پہلے انسٹرکٹر پائلٹ اور پھر چیف آف سیفٹی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔

نادیہ خان اس سے قبل بھی شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں اور اُن کے تین بچے ہیں، اُن کی بڑ ی بیٹی کا نام علیزے، بیٹے کا نام اذان اور سب سے چھوٹے بیٹےکا نام کیان ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ کہا جارہا ہے کہ نادیہ خان کی یہ تیسری شادی ہے جبکہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ اُن کی دوسری شادی ہے۔

تازہ ترین