اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ 40 سال ہوگئے صوبے میں امن و امان کی ایسی بدتر صورت حال نہیں دیکھی۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں چوہدری پرویز الہی نے وزیر قانون راجہ بشارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سکون سے بیٹھے ہیں، ڈاکو بسوں کی بسیں لوٹ کر آرام سے نکل جاتے ہیں۔
انہوں نے وزیر قانو ن پنجاب سے کہا کہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹنے والوں کی کسی جگہ داد رسی نہیں ہو رہی، ملزمان کو سزائیں نہیں دی جارہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے راجا بشارت سے استفسار کیا کہ یہ ہو کیا رہا ہے؟ صوبے میں امن و امان کے معاملات کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ کوئی صوبائی وزیر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتا۔
کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ کو پنجاب اسمبلی کی کمیٹی برائے زراعت میں شامل کرنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔
کمیٹی کا اجلاس اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی صدارت میں ہوا، اپوزیشن ارکان نے اسپیکر سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی چیئرمین شپ کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ صوبائی وزیر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتا۔