وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اپوزیشن جماعت ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی ہے۔
لاہور میں ہونے والی ملاقات میں اظہر عباس چانڈیا نے حلقے کے مسائل کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات چیت کی۔
عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی کو حلقے کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اظہر عباس چانڈیا نے دوران گفتگو وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ میرے دروازے ہر ایک کےلیے کھلے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ اراکین پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے مسائل حل کرنا میری ذمے داری ہے، مظفر گڑھ کو بھی خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا جائےگا۔
اُن کا کہنا تھاکہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں، اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے، یہ لوگ ترقی نہیں انتشار چاہتے ہیں ۔
اس پر اظہر عباس چانڈیا نے کہا کہ جب بھی ہم آپ کے پاس آئے ہیں، آپ نے عزت دی ہے، آپ نے ہمیشہ ہمارے مسائل حل کیے ہیں۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے ہر شہری کو صحت کارڈ دینے سمیت دیگر اہم مسائل پر غور کیا گیا۔
دوران اجلاس سیالکوٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام، سرگودھا اور راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی 2 عدالتیں بند کرنے اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔