عالمی وبا کورونا وائرس نے جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کیا ہے وہیں بھارت کے معروف میزبان اور اداکار کپل شرما کا شو بھی کورونا وائرس کی ستم ظریفیوں کا شکار ہوگیا۔
بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے’کپل شرما شو‘ بھی مالی مشکلات کا شکار ہے اور شو انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ فروری سے اس شو کو بند کردیا جائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کی وجہ سےفلمیں کم بن رہی ہیں اور وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر شو میں عوام کی شرکت پر بھی پابندی ہے۔
ایسے میں کہ جب کم فلموں کی وجہ سے پروموشن متاثر ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ’کپل شرما شو‘ کو اگلے ماہ فروری سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان سے اب تک وسیم اکرم بمعہ اہلیہ شنیرا اکرم، شعیب اختر، راحت فتح علی خان، فواد خان اور شعیب ملک بمعہ اہلیہ ثانیہ مرزا، مومل شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات شرکت کرچکی ہیں۔
شو کی ٹیم کے مطابق جب حالات نارمل ہوں گے تو ’کپل شرما شو‘ ایک بار پھر سے شروع کیا جائے گا۔
کپل شرما شو کو پاکستان میں بھی بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ شو کی ابتدا میں پاکستانی فنکار نسیم وکی بھی اس کا حصہ تھے۔
بھارت کے کامیڈی شو کے میزبان کپل شرما نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ افواہوں پہ کان نہ دھریں میں جلد ہی نیٹ فلیکس پر آرہا ہوں مگر اس میں بھی انہوں نے کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔