سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو کی جانب سے اُن کی بڑی بہن بختاور بھٹو کے لیے جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی بڑی بہن بختاور بھٹو کے 31ویں یومِ پیدائش کے موقع پر سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے بختاور بھٹو سے مخاطب ہوکر لکھا کہ ’میری اکلوتی بہن کو سالگرہ مبارک ہو۔‘
آصفہ بھٹو نے کہا کہ ’اس سالگرہ سے ہماری خوشی دوگنی ہوگئی ہے اور ہم ایک نئی شروعات کا جشن منارہے ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنی بہن کو دُعا دیتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ آپ کو آج، کل اور ہمیشہ کے لیے مزید برکت عطا کرے، آمین۔‘
آصفہ بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں دل والے ایموجیز کا بھی اضافہ کیا۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری 25 جنوری 1990 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، بختاور بھٹو زرداری نے انگریزی ادب میں ایم اے اور گریجویشن ایڈن برگ یونیورسٹی سے پاس کیا۔
بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز بھی ہوگیا ہے، بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ ’بارات‘ کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔