• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری صاحب نے مجھے بیٹی کی شادی میں بلایا ہی نہیں، فضل الرحمٰن


سابق صدر آصف علی زرداری نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو اپنی بیٹی بختاور بھٹو زرداری کی شادی میں مدعو نہیں کیا۔

اسلام آباد میں جیو نیوز نے مولانا فضل الرحمٰن سے استفسار کیا کہ ’مولانا آپ شادی میں شرکت کے لیے کراچی کب جارہے ہیں؟

اس سوال پر پی ڈی ایم سربراہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے جوابی سوال داغ دیا اور کہا کونسی شادی؟

مولانا فضل الرحمٰن نے وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری صاحب نے مجھے بیٹی کی شادی میں بلایا ہی نہیں۔


ان سے پوچھا گیا کہ سنا ہے بختاور بھٹو کی شادی میں بڑے بڑے لوگ شرکت کررہے ہیں؟

مولانا فضل الرحمٰن نے جواب دیا کہ مجھے بڑے بڑوں کا تو نہیں معلوم، البتہ میں وہاں مدعو نہیں ہوں۔

اس سے قبل پی ڈی ایم سربراہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے اگر کوئی بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمارے مطالبات پورے کرکے آئے۔

انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کا آپشن موجود ہے لیکن مجھے اس پر عمل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہاکہ آج ہم نے پیپلز پارٹی کو کہا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد کی حکمت عملی پر دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

اُن کا کہنا تھاکہ سینیٹ الیکشن مشترکا طور پر لڑنے کی تجویز زیرغور ہے، پی ڈی ایم میں سب کا اپنا موقف ہے، فیصلے مشترکا اور متفقہ ہوتے ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہاکہ نوازشریف اور آصف زرداری کا طریقہ کارمختلف ہوسکتا ہے لیکن مقصد ایک ہے، حکومت ہو یا اسٹیبلشمنٹ پی ڈی ایم کسی سے مذاکرات نہیں کر رہی۔

تازہ ترین