• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام محکمےحکومتی اہداف کے مطابق کام کریں ، کمشنر

دینہ، راولپنڈی (نمائندہ جنگ، اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن(ر) محمد محمود نے ڈی سی دفتر جہلم کمیٹی روم میں تمام محکموں کے سربراہان کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ہدایات اور اہداف کے مطابق کام کریں، ترقیاتی کاموں میں غیر ضروری تاخیر نا قابل برداشت ہے۔ ضلعی و تحصیل انتظامیہ تمام محکموں سے کام لے۔ اس موقع پرمحکمہ سپورٹس، آثار قدیمہ، صحت، ریونیو، فاریسٹ، پاپولیشن، بلڈنگز، پبلک ہیلتھ، ہائی وے و دیگر کے افسران نے اپنی کارکردگی بارے بتایا ۔ کمشنر نےترقیاتی منصوبوں کو معیار کے مطابق جلد مکمل کروانے، فنڈز کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لئے ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن سمیت دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے منگلا دینہ روڈ کی تعمیر و پودے لگانے کا کام،سنگوئی پارک، ٹلہ جوگیاں ٹریک پراجیکٹ بارے جاری کام کی معلومات حاصل کیں۔ اجلاس میں جلالپوراریگیشن پروجیکٹ کے حوالے سے تعمیراتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں حکومتی اہداف کو مکمل کرنے تمام سکیموں پر کام جاری ہے۔ دریں اثناء کمشنر نے ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر کے ہمراہ سول ہسپتال جہلم میں اورسیز بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور کورونا سے متاثرہ و دیگر مستحق افراد میں راشن بیگ تقسیم کیے۔
تازہ ترین